• news

لاہور میں سمگلرز کیخلاف آپریشن، کروڑوں کے سامان سے بھرے 9 ٹرک پکڑے گئے

 لاہور (آئی این پی ) کسٹمز انٹیلی جنس لاہور نے اسمگلرز کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 22 کروڑ روپے مالیت کے سمگل شدہ سگریٹ، چھالیہ اور شیشہ فلیورز کے 9 ٹرک پکڑ لیے۔ پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت سے لاہور میں سمگلنگ کے سامان سے بھرے اور سمگلرز کے لیے محفوظ سمجھے جانے والے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔کارروائیاں شاہ عالم مارکیٹ، پان منڈی اور ریلوے سٹیشن کے اطراف میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران لاہور کی تاریخ میں سمگل شدہ سگریٹ کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی۔ کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل چودھری فیض احمد چدھڑکی ہدایات پر لاہور ڈائریکٹوریٹ نے سمگلرز کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ سمگلرز کیخلاف آپریشن ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان بشیر کلیر کی نگرانی میں کیے گئے۔صوبائی دارالحکومت کے گنجان آباد علاقوں شاہ عالم مارکیٹ،پان منڈی،ریلوے اسٹیشن ،نولکھا اور اس کے گردو نواح میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کسٹمز انٹیلی جنس کی معاونت کی۔

ای پیپر-دی نیشن