اسلام آباد ہائیکورٹ ‘بلوچ گمشدگی انکوائری کمشن عمل درآمد کیس میں مہلت کی استدعا منظور
اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ جبری گمشدگی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیس میں وفاق کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کر لی۔ عدالت نے کہا توقع ہے وفاقی حکومت کمیشن سفارشات کے تناظر میں تحریری آرڈر پاس کرے گی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا کیس اور حساس معاملہ ہے۔ بلوچستان سے طلبہ لاپتہ ہیں، فیملیز مسنگ پرسنز کی آج بھی ان کو تلاش کر رہیں ہیں۔ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیکھے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کمیشن سفارشات پر عمل درآمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار ایمان مزاری عدالت کے سامنے پیش ہوئیں اور کہا جو لوگ بلوچ طلبہ کے لیے تعلیمی اداروں کو وزٹ کرتے رہے ان کے خلاف کیا ایکشن ہوا ؟ عدالت نے کہا حکومت رپورٹ دے پھر عدالت دیکھے گی کہاں تک ایشوز حل ہوا۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔