امان طلب کرنے والے شخص پر حملہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے،جامعہ الازہر
قاہرہ(این این آئی)مصرکے شمال میں واقع اسکندریہ گورنری میں ایک مصری پولیس اہلکار کی جانب سے دو اسرائیلیوں کو ہلاک کیے جانے کے واقعے کے بعد ملک کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے اس پر اپنا رد عمل دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الازہر بین الاقوامی مرکز برائے فتوی نے کہا کہ اسلام کا قانون مظلوم کے اپنے اور اپنی سرزمین کے دفاع کے حق میں فرق کرتا ہے۔ ایسا شخص جو کسی ملک کے ویزے پر وہاں جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ریاست نے اس کی حفاظت کی ضمانت دی ہے، وہ امان میں ہے، اس پر حملہ نہ کیا جائے۔اس کی جان ومال کا تحفظ کیا جائے۔بیان میں کہا کہ اسلام کسی ایسے شخص کو کسی بھی قسم کے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا جسے ریاست اپنی حدود میں داخلے کا ویزہ دے۔ اس ویزا کے مطابق اسے تحفظ اور امان حاصل ہے۔ معاشرہ اس کی حفاظت اور تعاون کی ضمانت دیتا ہے۔ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم ہو، اس کی عزت اور جان ومال کی حفاظت اس کے خون کی حفاظت اسلامی شریعت میں لازمی ہے۔