ژوب میں اپریشن‘ 5 دہشت گرد ہلاک
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجہ میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور دہشت گردوں کا بہادری و جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔ نگران وزیراعظم سمیت تمام سیاسی قیادتوں نے دہشت گردی کی مذمت کی اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس وقت پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا عمل جاری ہے‘ اس موقع پر دہشت گردوں کی طرف سے وارداتوں کا تسلسل افغان باشندوں کی واپسی میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش ہی نظر آتی ہے۔ پاکستان گزشتہ تقریباً نصف صدی سے لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث مہمان نوازی کررہا ہے۔ ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق 45 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان کی زبوں حال معیشت پر بوجھ بنے ہوئے ہیں جبکہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے جو یہاں غیرقانونی آباد کاری کرکے ڈالرز‘ اجناس اور دوسری چیزوں کی سمگلنگ‘ ڈکیتی اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ موجودہ حالات میں پاکستان شدید اقتصادی مشکلات کا شکار ہے‘ ایسے میں لاکھوں افغان باشندوں کی کفالت کرنا پاکستان کیلئے انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ اسی تناظر میں حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کی واپسی کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ اگر دہشت گردی کے ذریعے یا کابل انتظامیہ کی طرف سے اس نقل مکانی میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جائے تو اس کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ملکی مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ دہشت گردوں اور نقل مکانی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ اسکے علاوہ ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی اس موقع پر اپنا لچ تل سکتا ہے‘ اسکی سازشوں سے بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دہشت گردوں کیخلاف لڑنے والے افواج پاکستان کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ بہادر افواج دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہی ہیں۔ عساکر پاکستان کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے جو اپنی جانوں کے نذرانے دیکر دہشت گردوں کیخلاف برسرپیکار ہیں اور وطن کا دفاع کر رہی ہیں۔ پوری قوم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔