• news

یکم اکتونر سے گیس قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافے کی سمری تیار

اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت پیٹرولیم نے یکم اکتوبر سے صارفین پر گیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافے کی سمری تیار کی گئی ہے، جس میں پروٹیکٹیڈ گیس صارفین کےلئے فکسڈ ماہانہ چارجز بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فکسڈ چارجز10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کرنے جبکہ گھریلو صارفین کے لیے گیس 172 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 198.33 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد نگران وفاقی کابینہ سمری کی حتمی منظوری دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن