سینٹ کمیٹی: اسرائیلی حملے ‘کرکٹ شائقین کو ویزے نہ ملنے پر مذمتی قرارداد منظور
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے بھارت میں ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی شائقین اور میڈیا کو ویزوں کے اجراءنہ کرنے کی مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چئیرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف محمد الدوبے نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز احمد بگٹی، سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر زرقہ سہروردی بھی شریک ہوئیں۔ اجلاس میں او آئی سی وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ قائمہ کمیٹی اور آو آئی سی کے وفد نے مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرار داد کی منظوری دی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کی گئی۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور قتل و غارت کے خلاف بھی قائمہ کمیٹی نے مذمتی قرارداد منظورکی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین اور میڈیا کو بھارت کی جانب سے شرکت نہ کرنے دینے کی مذمتی قرارداد کی بھی منظور ی دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق اور حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ ہم آو آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اقدامات کر سراہتے ہیں، کشمیری مسلم امہ اور تعاون تنظیم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف محمد الدوبے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آو آئی سی کا اہم اور متحرک رکن ہے۔