دوحہ معاہدہ: افغانستان اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال سے روکے: وزیر داخلہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے باور کرایا ہے کہ دوحہ معاہدے کے مطابق افغانستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ ڈالر، پٹرول اور دیگر اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ ماضی کی حکومت کو بھی ایسا کرنا چاہیے تھا، نگران حکومت محدود مدت کے لئے آئی ہے، آخری دن تک نیک نیتی سے کام کرتے رہیں گے۔ گزشتہ روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ پر تاثر دیا گیا کہ بلوچستان کے لوگوں کے پاس کرنے کے لئے اور کوئی کام نہیں ہے اس لئے یہ کر رہے ہیں یہ تاثرغلط تھا۔ ڈالر کی سمگلنگ اسلام آباد کے بلیو ایریا سے ہورہی تھی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں ڈالر باہر جا رہا تھا۔ سمگلنگ میں ملوث افسروں اور ملازمین کی انکوائری ہو رہی ہے۔ الزام ثابت ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔