لندن سے سعودی عرب چلے گئے، اپنا وعدہ ہمیشہ پورا کیا: نوازشریف
لندن‘ لاہور (عارف چودھری+ این این آئی+نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف لندن سے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران نواز شریف کی اعلیٰ حکام سے متعدد ملاقاتیں طے ہیں۔ سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے نواز شریف 17 یا 18 اکتوبر کو دبئی پہنچیں گے اور وہاں 3 دن قیام کے بعد 21 اکتوبر کو لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کی دبئی میں بھی متعدد ملاقاتیں طے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے پاکستان آنے کے لیے دبئی سے سپیشل طیارہ ب±ک کروا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف جس خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچیں گے اسے ’امیدِ پاکستان‘ کا نام دیا جائے گا۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان جانے کے لیے دبئی سے لیگی کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔ نواز شریف لاہور پہنچ کر مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 8اکتوبر کو ٹھوکر نیاز بیگ پر کامیاب جلسے کے انعقاد پر لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کو ٹیلیفون کر کے مبارکباد دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ عوام آج بھی اپنے تمام تر مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ (ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ہم نے ہمیشہ عوام سے کیا اپنا ہر وعدہ پورا کر کے دکھایا، آئندہ بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ سیف الملوک کھوکھر نے مسلم لیگ (ن ) کے صدر شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔