• news

گورنر ہاﺅس کے دروازے طلبہ‘ تعلیمی دوروں کیلئے کھلے ہیں: بلیغ الرحمن

 لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم کے زیراہتمام مختلف اضلاع کے سرکاری سکولوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے وفد نے ملاقات کی۔ محمد بلیغ الرحمن نے سکول کی طالبات کو گورنر ہاﺅس میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر طالبات نے گورنر پنجاب کو چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے دروازے طلبا و طالبات کے تعلیمی دوروں کے لیے کھلے ہیں۔ ایک پڑھے لکھے معاشرے کے لیے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر طالبات کو گورنر ہاﺅس کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا۔ پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے گورنر ہاﺅس لاہور میں جونیئر گائیڈز کے اندراج کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ بیگم گورنر عائشہ بلیغ کی موجودگی میں چیف گائیڈ نے 150 جونیئر گائیڈز کا اندراج کیاگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم گورنر عائشہ بلیغ نے کہا کہ پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن پنجاب ایک باوقار اور اہم رضاکارانہ تنظیم ہے جس کا وژن نوجوان لڑکیوں کی کردار سازی کرناہے تاکہ وہ ملک کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔تقریب میں گرل گائیڈ ایسوسی ایشن کی ڈپٹی کمشنرمسز ندیم ظفر، ڈاکٹر نگہت ارشد، ایگزیکٹو ممبر ، مسز سمیراسعدیہ، صوبائی سیکرٹری ، ٹرینرز، گرل گائیڈز اور جونیئر گائیڈز نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن