• news

کراچی: زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے سے مزدوروں سمیت 4 جاں بحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے مزدوروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر مزدوروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور کچھ دیگر زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکال کرہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی گرنے والی چھت ٹائلوں اور بیم کی تھی۔ عینی شاہد مزدور کے مطابق واقعے کے وقت 8 سے 9 افراد عمارت میں موجود تھے، جن میں مستری اور ریت چڑھانے والے مزدور شامل ہیں۔عمارت گرنے سے بچوں کی چیزیں بیچنے والا ایک شخص بھی ملبے کی زد میں آکر موقع ہی پر جاں بحق ہوا۔ڈپٹی کمشنر کراچی کے مطابق ملبے سے 3 مزید لاشیں نکالے جانے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے جب کہ کچھ مزدور اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گرنے والی زیر تعمیر عمارت کے ملبے سے 4 مزدوروں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن