• news

فلسطینیوں پر بمباری روکی جائے، بھارت انسانی حقوق کی ورزیاں کر رہا: پاکستان

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر بمباری فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے جہاں نہتے فلسطینیوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان نے غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی حکام کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو اسرائیلی افواج کی طرف سے غیرانسانی ناکہ بندی اور اجتماعی سزاﺅں کی وجہ سے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، ایندھن اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے فلسطینیوں کی زندگیوں پر شدید اثر پڑے گا۔ پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقہ میں آزادی پسند جماعتوں پر پابندیاں عائد کر رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ورلڈ کپ کا میزبان ہے، سکیورٹی مہیا کرنا بھی بھارتی ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھی بھارت کی ذمہ داری ہے، زینب عباس کے خلاف بے جا ٹویٹ پر کیس درست اقدام نہیں ہے، بلا جواز کیس میں زینب کو گھسیٹا جا رہا ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں، ہم بھارت سے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو جلد ویزوں کے اجرا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ دو روزہ دورے پر چین جائیں گے، چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر بی آر آئی آئی اجلاس میں شرکت کریں گے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا انعقاد 17 سے 18 اکتوبر کو ہوگا، وزیراعظم سائیڈ لائن میں عالمی رہنماں اور معاشی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے، چین میں سی پیک کے حوالے سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (سیاسی) اور جموں و کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ یوسف الدوبے پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے ملاقات کی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (اقوام متحدہ) کے سفیر سید حیدر شاہ سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان نے کہا کہ خصوصی نمائندہ یوسف الدوبے آج پاکستان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، وہ آزاد جموں و کشمیر کا بھی دورہ کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن