• news

برطانوی سیاسی قونصلر کی ملاقات، قوم ثابت کرے گی وہ فلسطینیوں کےساتھ ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے سیاسی قونصلر برطانوی ہائی کمشن زوئی وئیر نے منصورہ میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی صورت حال اورمسئلہ فلسطین اور کشمیر پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے تحت ملک گیر مظاہروں کا انعقاد ہوگا۔ قوم ثابت کرے گی کہ وہ اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔ علماءکرام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حالیہ تناظر میں عوام میں بیداری پیدا کریں۔ مساجد میں غزہ کے مظلوموں کے لیے خصوصی دعاو¿ں کا اہتمام کیا جائے گا۔ عوام جماعت اسلامی کے تحت نکالے جانے مارچز میں شرکت یقینی بنائے۔ بچے، خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، غزہ کی مائیں بہنیں اور معصوم بچے امت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کے حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان اور اہل عرب کو فلسطین اور مسجد اقصی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ یورپ کے کئی ممالک اور امریکا کھلم کھلا اسرائیلی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے۔ مسلمان حکمران بھی کھل کر آگے آئیں، فلسطین کی عوام اپنے حق کے لیے لڑ رہی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے 23لاکھ مسلمانوں کا محاصرہ کر رکھا ہے، وہاں خوراک، پانی، بجلی تک کی فراہمی بند ہے۔ صیہونی اقدام کھلی جارحیت ہے۔ عالمی برادری اس پر آنکھیں بند رکھے گی تو پونے دو ارب مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ کے دورے کے موقع پر مہتمم جامعہ مولانا فضل الرحیم اشرفی، علماءکرام اور منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک ان کے ہمراہ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن