• news

سانگلہ ہل: خطرناک ڈاکو عمران مانی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت)ڈی پی او ننکانہ صاعد عزیز کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل نواز ناصر کی زیر نگرانی تھانہ صدر کی پولیس نے بین الاضلاعی ڈکیت عمران عرف مانی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ریکوری کیلئے پل سیم رتیاں لے کر گئی تو اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجہ میں عمران عرف مانی شدید زخمی ہوگیا۔ ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ دم توڑ گیا، تھانہ صدرکے ایس ایچ او مجاہد حسین ملہی نے سب انسپکٹر محمود کانواں کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو عمران عرف مانی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس مختلف مقدمات میں چھینی گئی رقم اور اسلحہ کی ریکوری کیلئے ملزم کو لے جا رہی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے ڈاکو عمران عرف مانی زخمی ہو گیا جو کہ بعد ازاں ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ نامعلوم ملزمان رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عمران عرف مانی کےخلاف پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی اور رابری سمیت 50 مقدمات درج تھے۔

ای پیپر-دی نیشن