• news

امید ہے جنوری کے آخر تک انتخابات ہو جائیں گے: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا، امید ہے جنوری 2024 کے آخر تک انتخابات ہو جائیں گے۔ مستقل پالیسیاں بنانے کا اختیار منتخب حکومتوں کے پاس ہے۔ ریڈیو پاکستان کی بحالی کی پوری کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے پروگرام لاہور ان سائیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کی تاریخ دی ہے 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کردی جائے گی، جب حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا تو الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا کیونکہ جب تک حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوتیں تو اس سے پہلے تاریخ دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 میں واضح لکھا ہے کہ الیکشن سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن مہم کیلئے کم از کم 54 دن دیئے جائیں گے جو تقریباً دو ماہ بنتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ جنوری کے آخر میں انتخابات ہو جائیں گے۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن عالمی معیار کا ادارہ ہے جو پیشہ ورانہ طریقے سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران حکومت کے اختیارات محدود ہیں، بڑے اور پالیسی فیصلے کرنے کا اختیار منتخب حکومت کے پاس ہے۔ جب ریڈیو پاکستان ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ سے منسلک ہو جائے گا تو اس نظام سے بجلی کی بھی بچت ہوگی۔ امید ہے کہ منتخب حکومت آنے کے بعد اس کام کو آگے بڑھایا جائے گا۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ اس وقت ریڈیو پاکستان کو کچھ مالی مسائل کا سامنا ہے، 90کی دہائی تک ریڈیو لائسنس کی مد میں فیس وصول ہوتی تھے جسے ختم کر دیا گیا، اب وفاق کی گرانٹ کے علاوہ کوئی آمدنی کا ذریعہ نہیں۔ پچھلی حکومت نے ریڈیو لائسنس فیس کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے، ہم انہیں آگے لے کر جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ ریڈیو پاکستان کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے جلد اچھی خبر ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں کہا پالیسی بنانے کا اختیار منتخب حکومتوں کے پاس ہے۔ جب وہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل تھے تو اس وقت ریڈیو پاکستان کی اردو اور انگریزی زبانوں میں ویب سائٹس کا اجرا کیا، ریڈیو پاکستان کا ٹوئٹر اکاو¿نٹ بھی میں نے خود بنایا تھا جس پر آج تقریباً 10 لاکھ فالورز موجود ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے تمام سینٹرز سیٹلائٹ کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں، ریڈیو پاکستان کی پہلی ڈی ایس این جی میرے دور میں شروع ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ منتخب حکومت ریڈیو پاکستان سمیت دیگر ریاستی نشریاتی اداروں کی جدت کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائے گی۔ دریں اثناءنگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے جمعہ کے روز پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر کا دورہ کیا۔ وہ پی ٹی وی لاہور سینٹرز کے مختلف سیکشنز میں گئے اور وہاں کام کی نوعیت کا مشاہدہ کیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر پی ٹی وی لاہور کے عہدیداروں نے نگران وزیر اطلاعات کو پی ٹی وی لاہور سینٹر کی ورکنگ سے آگاہ کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے پی ٹی وی یونین آفس کا دورہ بھی کیا ،جہاں پی ٹی وی یونین کے عہدیداران نے وزیر اطلاعات کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ پی ٹی وی دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر نے سیکرٹری اطلاعات وایم ڈی پی ٹی وی ظہور احمد کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن