• news

”میری آخری ویڈیو ہے“ فلسطینی صحافی بھی اسرائیلی بمباری میں شہید

غزہ (نوائے وقت رپورٹ) غزہ میں اسرائیلی بمباری کی ویڈیو بناتے ہوئے فلسطینی صحافی محمد شہاب کے گھر پر بھی بم گر گیا اور وہ شہید ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر فلسطینی صحافی محمد شہاب کی ایک ویڈیو وائرل ہے جو انہوں نے اپنی شہادت سے قبل بنائی۔ ویڈیو کے دوران وہ غزہ کی صورتحال کا بتا رہے ہیں اور ساتھ ہی اسرائیلی بمباری کی آوازیں بھی آ رہی ہیں۔ اسی دوران ایک اسرائیلی میزائل ان کے گھر پر گرتا ہے اور وہ شہید ہوجاتے ہیں۔ اپنی آخری ویڈیو میں شہید صحافی نے بتایا کہ یہ میری آخری ویڈیو ہوسکتی ہے اور میرا دنیا بھر کیلئے پیغام ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ہمارا کھانا، پانی اور بجلی سب بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں کو بھی نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ یہ ہمیں (اسرائیل) گھر کے اندر اور باہر مار رہے ہیں۔ ویڈیو کے دوران بھی اسرائیلی بمباری کی آوازیں آتی رہیں اور آخر میں ایک بم صحافی کے گھر پر گرا جس کے بعد موبائل کی ویڈیو بننا بھی بند ہوگئی اور بعد ازاں وہ اسی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن