غیر قانونی مقیم تارکین وطن یکم نومبر تک چلے جائیں اس کے بعد نو کمپرومائز: وزیرداخلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی تارکین وطن میں سے جو یکم نومبر تک جانا چاہتا ہے چلا جائے اس کے بعد نوکمپرومائز ہوگا۔افغان شہریوں کے حوالے سے جاری بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان باشندوں کی بے دخلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی اس گفتگو میں تمام اسٹیک ہولڈرز موجود تھے اور فیصلہ ہوا تھا کہ افغان باشندوں کو ایک گریس پیریڈ دیا جائے جب کہ بہت سارے لوگوں اوران کی طرف سے ڈیمانڈ آرہی تھی کہ لوگ رضاکارانہ طور پرجانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو یکم نومبر تک جانا چاہتا ہے چلا جائے اس کے بعد نوکمپرومائز، پہلے دن سے یہ کہا ہے کہ یہ صرف افغان بیسڈ پالیسی نہیں ہے، یہ پالیسی غیرقانونی سویلین کے بارے میں ہے، چاہے وہ جس بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جب بات غیرقانونی مقیم لوگوں کے حوالے سے ہو رہی ہے تو وہ افغانی ہوں یا کوئی بھی غیرملکی‘ جن کے پاس ویزا ہے‘ ان کو ہم نے کچھ نہیں کہنا۔ ہم صرف غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو بھیج رہے ہیں۔