توڑ پھوڑ کیس، پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے اس پر ن لیگ کو بڑی امید تھی، سپریم کورٹ کا اکثریت کا فیصلہ خوش آئند ہے، فیصلے کے بعد دیکھتے ہیں کہ نواز شریف کیا بیانیہ بناتے ہیں، جہانگیر ترین اور نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تو رہ گئے ہیں۔ عمران خان کے بغیر الیکشن کی کوئی کریڈیبلیٹی نہیں، عمران خان کے بغیر الیکشن بے معنی ہو گا۔ سائفر کیس کوئی بڑی بات نہیں ہے، چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں سرخرو ہوں گے۔ پرویز الٰہی نے جیل میں سہولیات کے فقدان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں جیل والا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے کل سے پیٹ خراب ہے، جیل والے سہولیات کے حوالے سے کسی عدالت کا حکم نہیں مان رہے، جج صاحب نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ کیا لیکن میرے سیل کا دورہ نہیں کیا۔ عدالت نے توڑ پھوڑ کیس میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔