پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق، اسرائیل کی درندگی کیخلاف مظاہرے
لاہور نوشہرہ ورکاں گوجرانوالہ کامونکی شیخوپورہ حافظ آباد مکہ مکرمہ (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران+ نمائندگان خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) جماعت اسلامی اور دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں و تنظیموں کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور‘ وزیر آباد ، گوجرانوالہ، نوشہرہ ورکاں، کامونکی، شیخوپورہ، اسلام آباد، فیصل آباد ، پشاور، ساہیوال، چنیوٹ سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں مختلف جماعتوں کے مقامی ذمہ داران نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرے، فلسطینیوں کی حمایت کا راستہ صرف جہاد ہے۔ لاہور میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی سے لے کر چترال تک قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم حکمران فلسطینیوں کا ساتھ دیں یا نہ دیں ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ نگران وزیراعظم کا بیان فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی ہے، نگران وزیراعظم اپنا بیان واپس لیں۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینی حریت پسندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی درندگی، نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کیخلاف ملک بھر میں یوم طوفان اقصی فلسطین کے طور پرمنایا گیا۔ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ مساجد میں علماءو خطباءنے احتجاجی قراردادیں منظور کرائیں جس میں نہتے فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں اور سلامتی کونسل کے کردار کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ لاہور پریس کلب کے باہر جے یو آئی نے ا حتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا محمد امجد خان، جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، سیکرٹری اطلاعات حافظ غضنفر عزیز، امیر لاہور مولانا محب النبی، حافظ اشرف گجر، مولانا ڈاکٹر سلیم ملک، مولانا فصیح الد ین سیف، مولانا علیم الدین شاکر، پروفیسر ابوبکر چوہدری، مولانا سلیم اللہ قادری، مولانا فضل الرحمن کشمیری، شاہد اسرار اور دیگر نے کی۔ مولانا محمد امجد خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ سے ہمیں خیر کی توقع نہیں نہ ہی ہونی چاہیے۔ فلسطین کے نہتے مسلمان آج ایک بار پھر کسی صلاح الدین ایوبی کے منتظر ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عرب سرزمین پر اسرائیل ناسور بن چکا ہے، خاتمے کے لئے فلسطینیوں نے نسلیں قربان کی ہیں۔ مفتی محمود مرکز میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگ 75 برسوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسرائیل نے ایک دن میں جو بمباری کی شاید امریکہ نے ایک سال میں افغانستان پر نہیں کی۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے تحت اسرائیلی مظالم کے خلاف یکجہتی فلسطین احتجاجی مظاہرہ اچھرہ موڑ لاہور میں منعقد کیا گیا۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر‘ پیر رضوان نفیس‘ مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم‘ مولانا ذکی اﷲ کیفی‘ تاجر رہنما علی‘ انجینئر حافظ نعیم الدین شاکر ودیگر رہنما¶ں نے خطاب کیا۔ لاہور میں تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں اجتماع اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینیوں سے عقیدہ توحید وختم نبوت کا رشتہ ہے۔ قبل ازیں نمازجمعہ کے فوری بعد فلسطینی شہداءکی غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ضلع اسلام آباد کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سربراہ مجلس مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر جعفری نے کی۔ ریلی میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت علمائے کرام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے امیر مولا نا محمد الیاس چنیوٹی، مولانا ملک خلیل احمد اشرفی، قاری عبدالحمید، حامد چوہدری، محمد سعید و دیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ فوری طور پر اسرائیل کو فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و ستم سے روکیں ورنہ دنیا کا امن تباہ ہونے کا خدشہ ہو گا۔ تحریک لبیک یارسول اﷲ ﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر اسرائیل کی بربریت کے خلاف اور فلسطین اور القدس کی حمایت میں ”یوم فلسطین زندہ باد“ منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد چھوٹے بڑے شہروں میں ”فلسطین زندہ باد مارچ“ کئے گئے۔ لاہور میں ”فلسطین زندہ باد مارچ“ پریس کلب لاہور سے نماز جمعہ کے بعد شروع کیا گیا جس نے پھر جلسہ عام کی صورت اختیار کر لی۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ فرمان علی حیدری جلالی‘ صاحبزادہ محمد مرتضیٰ علی ہاشمی جلالی‘ ڈاکٹر محمد فیاض فرقانی جلالی‘ صاحبزادہ محمد حامد مصطفیٰ جلالی‘ مفتی محمد حذیفہ جلالی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا مسلم ممالک نے اب اگر فلسطین کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ کبھی انہیں معاف نہیں کرے گی۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے اور ہم حکمرانوں کی مظلوم فلسطینی بھائیوں سے بے وفائی برداشت نہیں کریں گے۔ حکمران خالی بیان دینے اور تقریریں کرنے کی بجائے فلسطین اور حماس کی عملی مدد شروع کریں۔ ورنہ ہم ان کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ مرکز توحید و سنت جامع منار الھدیٰ سے فردوس مارکیٹ گلبرگ تک طوفان الاقصٰی کے حق میں اور اسرائیلی بربریت اور سفاکیت کے خلاف ہزاروں مظاہرین کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین کے حوالے سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام لاہور سمیت متعدد شہروں میں لبیک یا اقصیٰ مارچ کی قیادت سرپرست اعلیٰ حاجی محمد عارف، ڈسٹرکٹ امیر قاری محمد یامین ،قاری طیب نواز، محمد آفتاب ،حافظ جمیل احمد ،اویس جمیل بٹ ،حافظ عمران ادریس ودیگر نے کی۔ وحدت مسلمین نے کراچی بھر کی مختلف مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا۔ ایک بیان میں مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام اور فلسطین کی سرزمین پر صہیونی قبضے کے خلاف احتجاج کریں گے۔ غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کے خلاف ریلی نکالی گئی اور اقوام متحدہ سے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فلسطینیوں کے حق میں اسرائیلی قونصلیٹ تک مارچ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاون میں بھی اسرائیلی حملوں کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر مظاہرین مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ دوسری جانب آسٹریا اور اردن میں بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ادھر پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی جمعہ کے بعد فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور اسرائیل مخالف مظاہرے بھی کئے گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حماس کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی کی گئی تھی اور اس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔ مسجد الحرام میں گزشتہ روز نماز جمعہ سے قبل امام کعبہ شیخ اسامہ خیاط نے اسرائیلی بمباری کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں دعا کرائی۔ عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں امام کعبہ کی فلسطینیوں کی نصرت کیلئے کرائی گئی دعا نے آج لاکھوں زائرین کو رلا دیا۔ صحن خانہ کعبہ آمین سے گونج اٹھا۔ شیخ اسامہ خیاط نے دعا کرائی کہ اے اﷲ مسجد اقصیٰ کی حفاظت فرما‘ اے اﷲ فلسطین کے مسلمانوں کی حفاظت فرما۔ اے اﷲ ان کے سامنے سے پیچھے سے اور دائیں بائیں سے حفاظت فرما۔ دعا کراتے ہوئے امام کعبہ آبدیدہ ہو گئے۔