• news

ورلڈ کپ میلے کا سب سے بڑا ٹاکرا، پاکستان، بھارت آج مد مقابل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج پاکستان اور بھارت کے درمیان نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد میں کھیلا جائےگا۔پاکستانی وقت کے مطابق میچ دن ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔میچ سے قبل تیس منٹ کیلئے خصوصی تقریب ہوگی جس میں میوزیکل پرفارمنس ہوگی ۔ اہم اداکار اور شخصیات شرکت کرینگی ۔ سٹیڈیم کی پِچ پر بیٹرز حاوی ہوں گے۔ میچ کے آغاز میں فاسٹ باﺅلرز کو اضافی باو¿نس اور سوئنگ ملے گی جبکہ مڈل اوورز میں سپنرز کو مدد ملنے کی امید ہے تاہم مجموعی طور پر بیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں آسانی ہوگی۔ آج موسم گرم اورخشک رہنے اور حبس کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔احمد آبادمیں پاکستانی کرکٹرز کی نقل وحرکت محدود رہے گی۔ گزشتہ روز کھلاڑیوں نے پریکٹس کی۔ میزبان اعلیٰ حکام نے میٹنگ میں واضح کردیا کہ گوکہ پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی کے حوالے سے کوئی خطرات نہیں ہیں لیکن پھر بھی احمد آباد میں زیادہ احتیاط برتنا ہوگی، ہم نہیں چاہتے کہ کسی عوامی مقام پر کھلاڑی جائیں اور کہیں سے کوئی منفی نعرے بازی وغیرہ ہو جائے، اس سے خوامخواہ کی بدمزگی ہوگی، البتہ پھر بھی اگر پلیئرز کہیں ڈنر وغیرہ کیلئے جانا چاہیں تو پیشگی اطلاع کریں انتظامات کر دیے جائیں گے۔میچ کے دوران سٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات ہیں، اہم ٹاکرے میں 1 لاکھ 30 سے زائد تماشائیوں کی سٹیڈیم آمد کی توقع کی جارہی ہے۔احمد آباد پولیس کے مطابق سٹیڈیم کے اطراف خصوصی ڈرونز اڑائے جائیں گے۔احمد آباد پولیس کے مطابق ڈرونز سے سٹیڈیم کے اطراف 5 کلومیٹر کے علاقے پر نظر رکھی جائےگی۔ پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے بھارت کےخلاف اہم میچ سے قبل میٹنگ کی جس میں پلئینگ الیون فائنل کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق کپتان اور ٹیم مینجمنٹ نے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانی والی پلئینگ الیون پر اعتماد کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں محمد نواز کی جگہ اسامہ میر کی شمولیت پر گفتگو کی گئی تاہم ردوبدل نہ کرنے پر اتفاق کیا۔اتفاق کیا گیا کہ اس موقع پر زیادہ تبدیلیاں نہیں کرسکتے۔بھارت کےخلاف میچ میں وننگ کمبی نیشن کےساتھ جانا چاہئے ۔میگا ایونٹ کے گیارہویں میچ میںنیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو8وکٹوں سے شکست دیکر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی ۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم 9 وکٹوں پر 245 رنز بناسکی۔ مشفیق الرحیم 66 رنز کےساتھ نمایاں رہے۔ کپتان شکیب الحسن 40، مہدی حسن میراز 30، توحید ہردوئی 13، نجم الحسین شانتو 7، مستفیض الرحمان 4 اور لٹن داس صفر ‘تنزید حسن سولہ ‘تسکین احمد سترہ رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ۔محمود اللہ ریاض 41رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ لوکی فرگوسن نے 4، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے 2، 2 جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ نے ہدف حاصل کرکے میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح سمیٹ لی ۔ ڈیون کانوے 45اور ریچن رویندرا 9رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ۔ کپتان کین ولیمسن 78رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ۔ ڈیرل مچل 89اور گلین فلپس 16رنز پر ناقابل شکست رہے ۔لوکی فرگوسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن