• news

سینٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +نمائندہ خصوصی) سینیٹر ولید اقبال کی زیرصدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد چیئرمین کمیٹی ولید اقبال نے پیش کی جسے متفقہ طورپر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلط جنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل غزہ میں محصور 23 لاکھ معصوم فلسطینوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ غزہ کی آدھی آبادی بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جہاں خوراک‘ ادویات اور پانی کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ غزہ کے محصورین 16 سال سے غیرقانونی پابندیوں کا شکار ہیں۔ اسرائیل کی جارحیت عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ اس حوالے سے فوری مداخلت کرے اور اسرائیل کی جانب سے جارحیت کو فوری طورپر روکا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن