دھمکی کیس‘ماں ‘ کمسن بچی کو حوالات میں بند کرنے پر ڈیوٹی افسر‘ ہیڈ محرر معطل
لاہور(نامہ نگار+خبر نگار)ڈی آئی جی آپریشنز نے دھمکیاں دینے کے کیس میں ماں کے ساتھ کمسن بیگناہ بچی کو حوالات میں بند کرنے پر ڈیوٹی افسر اور ہیڈ محرر کو معطل کر کے ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ویمن انویسٹی گیشن پولیس نے 2021 میں درج 506 کے مقدمے میں خاتون اور بچی کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کردیا تھا۔خاتون کے خلاف تھانہ وحدت روڈ میں مقدمہ درج ہوا ۔ پولیس نے دو سال بعد اچانک خاتون کے گھر پر چھاپہ مار کر ماں کےساتھ کمسن بچی کو بھی گرفتار کرلیا۔ملزمہ نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت گھر میں بچی کی دیکھ بھال کیلئے کوئی بھی ذمہ دار فرد نہیں تھا، والدہ کی درخواست پر مجبوراَ پولیس بچی کو بھی تھانے لے لائی۔ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے نوٹس لیا اور خود تھانہ ویمن لٹن روڈ پہنچے جہاں بچی حورین کو تحائف پیش کئے۔ ڈیوٹی افسر اور محرر کو معطل کردیا گیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاﺅن کچہری محمد یامین نے دھمکیاں دینے کے مقدمے میں بچی کے ساتھ حوالات میں بند رکھی جانے والی خاتون عارفہ نبیل کو رہا کردیا۔ عدالت نے خاتون عارفہ کو کیس سے ڈسچارج کردیا۔ خاتون کے خلاف تھانہ وحدت کالونی پولیس نے مقدمہ درج کیا۔