• news

شاہدرہ فلائی اوور کا دورہ، مرتضیٰ سولنگی کی ملاقات، دیہی خواتین کو حقوق دینا فرض: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا۔ نقوی کے مسلسل دوروں اور ذاتی مانیٹرنگ سے شاہدرہ فلائی اوورز کے میگا پراجیکٹ کا 91 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شاہدرہ فلائی اوورز کا معائنہ کیا اور پل سے شاہدرہ چوک میں جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے نئے راوی پل پر بھی جلد کام کے آغاز کی بھی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز کو رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ محسن نقوی سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے پہلی بار ایک ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔ صحافیوں کے دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کے اقدامات کو سراہا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آپ نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ ”محسن سپیڈ“ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت دیگر شہروں میں پھول اور پودے سستے داموں ملیں گے۔ نگران وزیراعلی کی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور میں فلاور شاپس اور نرسری قائم کرے گی۔ نرسری پر پودوں اور پھولوں کی400سے زائد اقسام دستیاب ہوں گی۔ نرسری پر لوکل اورغیر ملکی پودے فراہم کیے جائیں گے۔ پی ایچ اے لینڈ سکیپ ڈیزائننگ اور پلاننگ سروسز بھی فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے پی ایچ اے کو ریونیو ہدف بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ معاشرے کی تعمیرو ترقی میں دیہی خواتین کا کردار اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دیہی خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ زراعت کے فروغ میں پاکستانی دیہی خواتین کا کردار لائق تحسین ہے۔ دیہی خواتین کو مکمل حقوق دینا حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا۔ محسن نقوی نے تربت میں 6مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن