کشمیرتسلیم شدہ متنازعہ علاقہ، بھارت کا اٹوٹ انگ نہ اندرونی معاملہ پاکستان
نیویارک (کے پی آئی) پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور یہ بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے اور نہ ہی اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی سیکنڈ سیکرٹری رابعہ اعجاز نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں کہا ہے کہ کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام عالمی ادارے کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس فیصلے کو قبول کیا ہے اور وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے مطابق اس کی تعمیل کا پابند ہے۔ رابعہ اعجاز نے کہا کہ بھارت کو علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے کسی قسم کی یکطرفہ کارروائی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 9لاکھ پر مشتمل فوجیوںکے ساتھ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو بے شرمی سے کچلنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 1989ءسے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مارے جا چکے ہیں اور بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی لانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستانی مندوب نے فلسطین میں اسرائیلی جبر و تشدد کی تازہ لہر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اندھا دھند فضائی بمباری اور خوراک، ایندھن اور ادویات کی غیر انسانی ناکہ بندی کی وجہ سے صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔