• news

آئی ایم ایف پروگرام شریک ممالک کے معاشی تناظر کے مطابق بنایا جائے: وزیرخزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ پروگرام کو شراکت دار ملکوں کے منفرد معاشی تناظر کے مطابق مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مراکش میں عالمی بنک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ایک تقریب میں کیا۔ شمشاد اختر نے حکومتوں اور عالمی مالیاتی اداروںکے درمیان مﺅثر تعاون یقینی بنانے کیلئے مالیاتی اقتصادی امور پر اپنے وسیع تجربے اور معاشی امور پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں پر مبنی اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے نے گلوبل گروتھ اپرچےنونٹی ڈویژن اور بل گےٹس فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے بھی ملاقات کی۔ وزارت خزانہ اور فاﺅنڈےشن کے درمیان پاکستان ڈیجیٹل سٹاک کے بارے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ادھر موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ایک سیمینار میں ڈاکٹر شمشاد اختر نے جامع حکمت عملی اور اقدامات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر شمشاد اختر نے مراکش کے وزیر تجارت و صنعت ریاد میزور سے ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں موجودہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ڈوئچے بینک کی اعلیٰ قیادت نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر مراکش میں ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں اقتصادی تعاون اور مالیاتی استحکام پر تفصیلی بحث کی گئی ۔ دونوں فریقین نے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور مالیاتی شعبے میں باہمی فائدہ مند اقدامات کے امکانات کو اجاگر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن