میر علی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد جہنم واصل، 8 زخمی ہو گئے، کارروائی کے دوران ایک سپاہی وطن پر قربان ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کی۔دوران کارروائی سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عبدالحکیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، 33 سالہ شہید سپاہی عبدالحکیم کا تعلق ضلع نصیر آباد سے ہے۔مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم تھے۔آئی ایس پی آرکے مطابق علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، علاقہ مکینوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔