عالم اسلام کو مظلوم فلسطینیوں کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے: سراج الحق
اسلام آباد (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس سے پہلے کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن جائے اور انسانوں کے قبرستان کا منظر پیش کرے۔ عالم اسلام کو مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بیانات کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے فلسطینیوں نے مجبور ہوکر مزاحمت اور جدوجہد کا راستہ اپنایا، اسرائیل غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔ اسلامی دنیا اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے جاری بیان میں انہوں نے یورپ اور امریکہ کے انسانی حقوق سے متعلق دہرے معیار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض سرکردہ مغربی ممالک میں فلسطینیوں کے حق میں پرامن مظاہروں کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ امیر جماعت کی اپیل پر آج کراچی میں اقصیٰ مارچ ہوگا، جہاں وہ کلیدی خطاب کریں گے۔ انہوں نے غزہ کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں اسلام آباد میں 17 اکتوبر کو فلسطین قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے۔ اساتذہ کے وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف پرامن مظاہرہ کرنیوالے اساتذہ‘ ملازمین پر پولیس لاٹھی چارج‘ تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے رہائی کا مطالبہ کیا۔