21 اکتوبر کے بعد مہنگائی کم‘ ملک آگے بڑھے گا: مریم اورنگزیب‘ جاوید لطیف
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے انتشار انگیز تقاریر کیس میں پولیس چالان کی نقول ملزمان مریم اورنگزیب، جاوید لطیف و دیگران کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت کے روبرو ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان اور پروڈیوسر راشد بیگ بھی پیش ہوئے۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہم عدالتوں اور جیلوں میں جھوٹے مقدمات بھگت چکے ہیں، جو اب جیل میں ہے وہ اللہ کی پکڑ میں ہے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان میں آرہے ہیں، اکیس اکتوبر کے بعد مہنگائی کم ہو گی اور ملک آگے بڑھے گا۔ سولہ ماہ مہنگائی کی شرح چیئرمین پی ٹی آئی کی وجہ سے ہے۔ شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، نواز شریف مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت سب نے میرٹ پر ضمانتیں کرائیں۔ نواز شریف جب جب اقتدار میں آئے مہنگائی کا خاتمہ کیا، نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو لوڈ شیڈنگ ختم تھی۔ لیگی رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا نواز شریف عوام کے دکھوں کا مداوا ہے۔ نواز شریف کے بغیر ملک کو اندھیروں سے نہیں نکالا جا سکتا ہے، نواز شریف پر لوگوں کا اعتبار ہے۔ نواز شریف ہی لوگوں کے دکھوں کا مداوا کر سکتا ہے، عوام آخری امید سمجھ کر نواز شریف کو دیکھ رہی ہے۔