• news

پشاور: مراد سعید چھاپہ سے قبل فرار، رشتہ داروں کا پولیس پر پتھراﺅ، مقدمہ 

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو مبینہ طور پر فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ورسک ارشد خان کے مطابق مراد سعید ناصر باغ کی حدود میں واقع ایک گھر میں مبینہ طور روپوش تھے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم کے برادر نسبتی نے پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے مراد سعید کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید کے رشتہ داروں نے پولیس سے تکرار اور گالم گلوچ بھی کی جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر پتھراﺅ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید پولیس چھاپے سے چند منٹ پہلے فرار ہوئے۔ مراد سعید کو فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتہ داروں کے خلاف تھانہ ناصر باغ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ متعلقہ گھر میں مراد سعید کے 2 ملازم بھی موجود تھے اور چھاپے کے دوران مراد سعید کی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔ 
مراد سعید فرار 

ای پیپر-دی نیشن