اسرائیل نسل کشی کررہا،ظلم ناقابل قبول،فلسطین کو امداد فراہمی پر تیار،پاکستان
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ این این آئی) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ پر قبضہ اور اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 18اکتوبر کو ہو رہا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے مسئلہ پر واضح موقف رکھتا ہے۔ شہری آبادی پر حملوں اور غزہ کے محاصرے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور انسانی حقوق کا احترام یقینی بنائے۔ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ اسرائیل فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے۔ پاکستان 1967سے قبل کی سرحدیں، القدس شریف دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست چاہتا ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق چینی صدر کی دعوت پر تیسرے بی آر ایف فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔ دورہ سے پاک چین تعاون میں اضافہ ہوگا۔ سی پیک سے خطے کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوں گے۔ گرین انرجی، سپیس ٹیکنالوجی، زرعی شعبوں سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ دورہ سے پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ نگران وزیراعظم چینی صدر، وزیر اعظم اور اہم رہنماﺅں کے علاوہ فورم میں شریک عالمی رہنماﺅں سے ملاقات کریں گے۔ چینی سرمایہ کاروں اور کارپوریشنز کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ نگران وزیر اعظم شنجیانگ خودمختار علاقہ کا بھی دورہ کریں گے اور شنجیانگ کی تاریخی مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے۔ نگران وزیر خارجہ نے گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر تیسرے بی آر ایف فورم میں شرکت کیلئے 17اور 18اکتوبر کو چین کا دورہ کریں گے۔ فلسطین ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اور اسرائیل کی جانب سے سول آبادی پر جارحیت سے سینکڑوں خواتین اور بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ہم غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ کے عوام کو پانی، خوراک اور ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل، فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے۔ اسرائیل کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرارداروں کا احترام کرنا چاہئے۔ فلسطینی عوام کو اپنے ملک میں رہنے کا پورا حق ہے۔ پاکستان غزہ میں انسانی امداد کے حوالے سے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے رابطہ میں ہے تاہم بد قسمتی سے غزہ کا محاصرہ کیا گیا ہے۔ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے م¶قف میں تبدیلی نہیں آئی۔ فلسطین کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے پر تیار ہیں۔ اسرائیل پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہا۔
وزیر خارجہ