فلسطینیوں پر مظالم ،دنیاتماشائی نہ بنے،سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل کراتی تو ایسا نہ ہوتا۔شہبازشریف
اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے او آئی سی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کو فوری طور پر خوراک اور ادویات فراہم کریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شہریوں، بچوں اور ہسپتالوں پر بمباری فوری بند ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد اور اس جاری نسل کشی کو روکنے کیلئے اقدام کرنا چاہیے۔ ہم سب ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ شہباز شریف نے بچوں سمیت نہتے عام فلسطینی شہریوں پر ہزاروں ٹن بارود برسانے کی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف نے سینکڑوں بچوں سمیت 3 ہزار سے زائد شہادتوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے۔ عالمی برادری اور سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ یقینی بنائے۔ ایسا نہ کیا گیا تو دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی۔ سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے، صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔ ہسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔ دنیا ظلم پر تماشائی نہ بنے، بے گناہ انسانوں کا قتل عام روکنے کے لیے عملی اقدام کرے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے۔ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ بے گھر فلسطینیوں کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ ہسپتالوں، سکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم و بربریت ہے۔ موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے۔ امن اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔
شہباز شریف