بجلی چوری مہم کے اچھے نتائج، 26 ارب وصولی، بلنگ بھی بہتر ہو گی، سیکرٹری پاور
گوجرانوالہ، اسلام آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ آئی این پی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے اچھے نتائج آنے لگے ہیں۔ ایک بیان میں کہا ہے کہ بلنگ بہتر ہو گئی، وصولیوں میں اضافہ اور چوری میں کمی ہوئی۔ راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ ستمبر 2023 میں وصولیاں 86.99 فیصد رہیں جبکہ ستمبر 2022 میں وصولیاں 82.43 فیصد تھیں۔ ستمبر 2023 میں بجلی چوری 1.46 فیصد رہی اور ستمبر 2022 میں بجلی چوری 2.93 فیصد تھی۔ بجلی چوری کے خلاف حالیہ کارروائیوں میں 26 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں۔ ( لیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف 38ویں روز بھی آپریشن جاری رہا جس میں 385 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کی گئیں۔ آپریشن کے دوران 37 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل14، زرعی6 اور365 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 8لاکھ 26ہزار 21یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3کروڑ 93لاکھ 14ہزار 363روپے بنتی ہے۔ ترجمان کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں کنکشن کو 58560 یونٹس پر 1245000 روپے، دیپالپور کے علاقے مرزا پور میں کنکشن کو 38348 یونٹس پر 1181310 روپے، بادامی باغ میں 10069 یونٹس پر 713705 روپے اور نولکھا کے علاقے میں کنکشن کو 9428 یونٹس پر 800000 کی رقم چارج کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق 38روز کے آپریشن کے دوران کل 5731 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ مجموعی طور پر 17787 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 17631 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔ بجلی چوروں کو اب تک 3کروڑ 65لاکھ 92ہزار 374 ڈٹیکشن یونٹس بل کی مد میں 1ارب 64کروڑ 30لاکھ 90ہزار 925روپے ڈالے گئے۔ گیپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کریک ڈا¶ن چھٹی کے روز بھی بھرپور طریقے سے جاری رہا۔ مزید38بجلی چور پکڑے گئے۔ بجلی چوروں کی کل تعداد 1949ہو گئی۔ بجلی چوروں کو 16کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ وزیراعظم اور وزارت توانائی کی ہدایات پر گیپکو ریجن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈا¶ن چھٹی کے روز بھی جاری رہا۔ بجلی چوروں کے خلاف آئیسکو آپریشن، ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس کی ٹیموں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں اور ایک ہی دن میں کاروائیاں کرتے ہوئے ڈیٹیکشن ٹیموں نے مزید 43 بجلی چوروں کو پکڑ لیا۔ 1 لاکھ 29 ہزار یونٹس کی مد میں 19 لاکھ 61 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے۔ ایف آئی آرز کا اندراج اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ گیس چوری کے خاتمے کیلئے سوئی ناردرن نے آپریشن کیا۔ پنجاب‘ خیبر پی کے‘ اسلام آباد میں 199 گیس کنکشن منقطع کئے اور 50 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا۔ دوران آپریشن گیس کے 190 انڈر بلنگ کیسز بھی درج کئے گئے۔ لاہور اور ساہیوال میں گیس چوروں کیخلاف کارروائی میں 20 کنکشن کاٹے گئے۔ بہاولپور اور ملتان میں گیس چوری پر 15 کنکشن منقطع کئے گئے۔