• news

چیئرمین پی ٹی آئی ایک وائرس‘ خاتمہ کریں گے: احسن اقبال

شکر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نکالا اور معاشی لحاظ سے سخت فیصلے کئے۔ ضیاءالحق کے مارشل لاءکی چوٹ پیپلز پارٹی کو لگی مگر انہوں نے فوج پر حملے نہیں کئے۔ پرویز مشرف کے مارشل لاءکا نشانہ (ن) لیگ تھی ہم نے تو کور کمانڈر ہا¶س پر حملہ نہیں کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایک وائرس ہے، اس کا خاتمہ کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی کوتاہیوں اور غلطیوں کی ٹوکری ہم نے اٹھائی۔ ہم ملک نہ سنبھالتے تو ملک کے ایٹمی پروگرام کو خطرہ تھا۔ دنیا کی ایٹمی پروگرام پر نظریں ہیں۔ ملک کی فوج ایٹمی پروگرام کی حفاظت کر رہی ہے۔ ایٹمی پروگرام کو کوئی خطرہ نہیں۔ دشمن کو باور ہوا کہ ایٹم بم کا کنٹرول فوج کے پاس ہے تو سازش 9 مئی کی کردی گئی۔ سازش کے تحت پاکستانی فوج اور عوام کو لڑایا گیا۔ پی ٹی آئی، چیئرمین پی ٹی آئی عالمی طاقتوں کے آلہ کار بنے۔ ملک کی سلامتی کے اداروں پر حملے کرکے دشمن کو خوش کیا۔ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف جتنی مہم چلا رہی ہے اتنی را بھی نہیں چلا رہی۔ پوری دنیا میں ملک عزیز کے خلاف پی ٹی آئی نے مہم چلائی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اناڑی تھا جس نے ملک کی تباہی کر ڈالی اور اب خود جیل میں جا بیٹھا ہے۔ ہم نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف وہ قائد ہے جس نے ایٹمی دھماکے کئے۔ ملک کو ترقی کے نئے راستے پر ڈالیں گے۔ جنوری 2024ء کے الیکشن میں (ن) لیگ بھرپور کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن