اسلامی ممالک کے حکمران فلسطینیوں کو اسرائیلی بربریت سے بچانے کیلئے آگے بڑھیں: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ چند فرزندان فلسطین نے ظلم کی چٹانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ مرکزِ توحید و سنت گرین ٹاﺅن میں اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائیندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر میاں محمد اصغر اور جنرل سیکرٹری علامہ شاہد سلیم کے علاوہ دیگر صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اسرائیل پہلے بھی اور آج بھی کاغذی شیر ہے جو امریکہ اور یورپ کی ناجائز پشت پناہی کے بغیر حماس کے شیر دل مجاہدوں کا ایک دن بھی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ حماس کے جرت مند اور عظیم مجاہدینِ اسلام نے ایک ہی وار میں مراکش سے انڈونیشیا تک اور غیر اسلامی ممالک میں بھی بسنے والے تمام مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ کی آزادی اور فلسطین کی حمایت پر متحد کر دیا ہے۔ تمام اسلامی ممالک کے حکمران اور ان کی افواج مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیل کے ظلم و جبر سے بچانے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے عملاً آگے بڑھیں۔