نواز شریف کی وطن واپسی عوام کیلئے امید کی کرن ہے:ساجد میر
لاہور( خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی عوام کیلئے امید کی کرن ہے، مرکز ی جمعیت اہل حدیث پاکستان میاں نواز شریف کی وطن واپسی پربھرپور استقبال کرےگی اور 21 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے میں شرکت کرےگی۔یہ بات انہوں نے صوبائی جمعیت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو بحران سے نکالنے میں مو¿ثر کردار اداکیا ہے، آئندہ بھی ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود ملک کی معیشت کو گرداب سے نکالا، ماضی قریب میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کوششیں کامیاب رہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ محمد نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے، اتحادی حکومت کے دور رس اقدامات کی وجہ سے آج ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی گئی مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ پر حملے روکے اور معصوم شہریوں کے تحفظ کو ممکن بنانے میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ القدس پر قابض قوتوں کے جرائم پر امریکی حکومت اور دیگر حامی ممالک کی خاموشی افسوس ناک ہے۔