• news

تربت میں قتل ہونیوالے 6 مزدوروں کی میتیں ملتان بھیج دی گئیں

کوئٹہ(آئی این پی ) تربت میں گزشتہ روز قتل ہونے والے 6 مزدوروں کی میتیں حکومتِ بلوچستان کے ہیلی کاپٹر میں ملتان بھیج دی گئیں۔ نگراں وزیرِ اعلی بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے خالد ایئر بیس پر مزدوروں کی میتیں ملتان روانہ کیں، خالد ایئر بیس پر مزدوروں کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی جبکہ نگراں وزیرِ اعلی نے شہید مزدوروں کے ورثا سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی مردان ڈومکی نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل پر بلوچستان کا ہر فرد رنجیدہ ہے، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، قیمتی انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شہیدوں کے لواحقین اور زخمی مزدوروں کو حکومت کی جانب سے معاوضے کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، بے گناہ مزدوروں کا قتل سفاکیت کی انتہا ہے، ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے نگراں وزیرِ اعلی کو واقعے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ حسین جان بلوچ نے بتایا کہ جاں بحق مزدور کئی سالوں سے تربت میں کام کر رہے تھے، کیچ میں کام کرنے والے مزدوروں کی پروفائلنگ شروع کر دی گئی ہے، مزدوروں کا ڈیٹا ایک ہفتے میں مرتب کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ بھی مزدوروں کی میتوں کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں ملتان روانہ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز سیٹلائیٹ ٹاون میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 مزدور جان کی بازی ہارگئے تھے جبکہ 2زخمی ہوئے، جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن