گرفتاریاں ، نظر بندی ، معطلیاں ، تبادلے حوصلے پست نہیں کر سکتیں:چوہدری سرفراز
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، اسلم گھمن ،ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ لیو انکیشمنٹ ، سالانہ ترقی ، پنشن وگریجویٹی اور تعلیمی ادارے بچاو¿ تحریک پر امن ہے۔ پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس کی اجازت آئین پاکستان دیتا ہے۔ گرفتاریوں ، معطلیوں، نظر بندی اور تبادلوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ اگر ہمارے گرفتار اور نظر بند اساتذہ و ملازمین کو رہا نہیں کیا جاتا تو پنجاب بھر میں مکمل تعلیمی اور ڈینگی ایکٹویٹی کا بائیکاٹ اور ضلعی سطح پر پرامن جلسے جلوسوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسری طرف ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور نگران حکومت ملازمین کی لیو انکیشمنٹ ، سالانہ ترقی اور پنشن وگریجویٹی پر شب خون مارنے اور ہزاروں تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کے درپے ہے۔