عوام کے دکھوں کا علاج صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے دکھوں کا علاج صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔ سابق وزیراعظم سے پارٹی کے مرکزی رہنما انجینئر خرم دستگیر خان نے ملاقات کی۔ خرم دستگیر خان نے شہباز شریف کو 21 اکتوبر کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں پر کارکنوں کے جذبے اور پارٹی رہنماو¿ں کی کاوشوں کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے۔ 21 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ عوام اور کارکنوں کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آنے والا دور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہے۔ انشاءاللہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے شہید ملت لیاقت علی خان کی بہترویں (72) برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں لیاقت علی خان نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ لیاقت علی خان ایک مخلص نظریاتی انسان تھے جنہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔ لیاقت علی خان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے دست راست اور بااعتماد تحریکی ساتھی تھے۔ پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔