• news

بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ‘190 ملین پاو نڈ سکینڈل میں عبوری ضمانت ‘ گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج راجہ جوادعباس حسن کی عدالت نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پانڈ سکینڈل کیس میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔گذشتہ روز لطیف کھوسہ نے کہا جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نمٹائی، اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا،عدالت نے استفسار کیا بشری بی بی کہاں ہیں؟، عدالت نے بشری بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا، جس پر بشری بی بی پہلی مرتبہ کٹہرے میں آ کر کھڑی ہوگئیں،عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت31 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ کھنہ میں دو اور ایک تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوںمیں مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے تینوں مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں زیر سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن