سانحہ کارساز کی برسی آج: آمریت اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ: بلاول، وفا کی تاریخ: زرداری
لاہور اسلا م آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سانحہ کار ساز کی یاد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لاہور سمیت وسطی پنجاب کے 32 اضلاع میں آج 18اکتوبر یوم عقیدت کے جلسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جن سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فلسطین کے سفیر وڈیو لنک پر شام 6بجے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ آج سے سولہ برس قبل 18اکتوبر 2007 کے روز سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قافلے میں کراچی میں کار ساز کے قریب بم دھماکوں کے نتیجے میں 177جیالے شہید اور سینکڑوں زخمی و معذور ہو گئے تھے۔ سابق صدر مملکت، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم شہداءسانحہ کارساز کے موقع پر کارساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18اکتوبر کے شہداءکی قربانی، بہادری اور وفاداری کی تاریخ ہے۔ سانحہ کارساز کا واقعہ ناقابل فراموش ہے۔ کارساز کے شہداءکی قربانی رائیگاں نہیں ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ کار ساز کے شہداءنے اپنی جانیں قربان کر کے تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش داستان رقم کی، جو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم جمہوریت کی خاطر ہر مشکل کا مقابلہ کرنے اور جیتنے کا عزم رکھتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ آمریت اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ تہذیب اور انسانیت کا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ع کا دن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کی شکل میں، دراصل، ملک میں جمہوریت کا ازسرِنو آغاز تھا۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا کہ جیالوں نے جس بہادری و ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا تھا، تاریخ میں ایسی مثالیں بہت کم ہیں۔ جیالوں نے اپنی زندگیاں قربان کرکے اپنی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حفاظت کی۔