قانون کے رکھوالوں کا گھریلو ملازمہ پر تشدد‘ جعلی مقدمہ بنا کر جیل بھیج دیا
کاہنہ (نامہ نگار) چار ماہ کی تنخواہ مانگنا خاتون کا جرم بن گیا۔ نرگس نامی خاتون جو کہ ویلنشیاءٹاون میں یاسر نامی شخص کے گھر ملازمہ تھی کا کہنا ہے کہ اپنی چار ماہ کی تنخواہ مانگی تو حیلے بہانے کرتا رہا۔ پھر باہر ہوٹل پر بلا کر اپنی گاڑی میں بدتمیزی شروع کر دی۔ تھپڑ مارنے شروع کر دیئے۔ بعدازاں تھانہ کاہنہ لے آیا اور انچارج انویسٹی گیشن اصغر بھٹی، طاہر اے ایس آئی، اے ایس آئی یقین علی اور آصف کانسٹیبل نے مجھ پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔ بعد میں مجھے ایک نامعلوم ایف آئی آر نمبر 6912/23 میں چالان کر کے مجھے جیل بھیج دیا گیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ میں چار ماہ پہلے ملازمت چھوڑ چکی تھی، مجھے جھوٹے مقدمہ میں جیل بھیجا گیا۔ میرے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے۔ مجھے انصاف دیا جائے اور جن ملازمین نے میرے اوپر تشدد کیا ان کو سخت سزا دی جائے۔