شورکوٹ: پولیس مقابلے میں ساتھیوں کی فائرنگ‘ ڈاکو ہلاک‘ ساتھی زخمی
شورکوٹ (نامہ نگار) تھانہ شورکوٹ سٹی کی حدود میں پولیس مقابلہ میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ایک زخمی ہو گیا۔ تھانہ شورکوٹ سٹی پولیس ڈکیتی اور قتل کے 12 مختلف مقدمات میں ملوث ملزمان جاوید اقبال، علی شان کو ریکوری کے لیے لے جا رہے تھے نواحی علاقہ ڈب کلاں کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح افراد نے ملزمان کو چھڑوانے کی کوشش میں پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ملزمان اپنے ہی نامعلوم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر نامعلوم مسلح ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے فرار ہوگئے۔ تھانہ شورکوٹ سٹی پولیس نے زخمی ملزمان کو تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال شورکوٹ منتقل کردیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ملزم علی شان ہلاک ہو گیا۔ تشویشناک صورتحال کے پیش نظر زخمی ملزم جاوید کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جھنگ ملک محمد طارق محبوب کا کہنا تھا کہ کسی کو شہریوں کی جان، مال، عزت و آبرو سے کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا۔