• news

غربت میں کمی لانے کےلئے سیاسی و معاشی استحکام ضروری ہے ،راجہ پرویز اشرف 

 اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کےلئے سیاسی و معاشی استحکام ضروری ہے ،انشا اللہ ہماری مشترکہ کوششوں سے پاکستان کا شمار جلد خوشحال، پر امن اور ترقی یافتہ ممالک میں ہو گا۔راجہ پرویز اشرف نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ غربت اقوام عالم بالخصوص ترقی پذیر ممالک کا بنیادی اور انتہائی اہم مسئلہ ہے،دنیا میں لوگوں کی کثیر تعداد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوںنے کہاکہ عالمی معیشت کی خراب صورتحال اور مہنگائی نے غربت میں مزید اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ دہائیوں میں شدید غربت میں کسی حد تک کمی آئی ہے،پسے ہوئے طبقات کےلئے بینظیر انکم سپورٹ جیسے اقدامات کسی نعمت سے کم نہیں ۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ غربت میں کمی لانے کے لیے سیاسی اور معاشی استحکام ناگزیر ہیں ، تعلیم و صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے کر غربت میں کمی ممکن ہے۔انہوںنے کہاکہ زراعت ،صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں کو وسعت دے کر روزگار کے مزید مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ وہ باعزت طریقے سے زندگی بسر کر سکیں ۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں غربت میں کمی سمیت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پارلیمنٹ نے بیشتر اقدامات کیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن