فلسطینیوں کا قتل عام جاری ‘غزہ پٹی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیا:ساجد علی نقوی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جس طرح نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کیاگیا دنیا میں ایسے ظلم کی نظیر نہیں ملتی، غزہ پٹی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیا۔رسوائے زمانہ شیاطین کی براہ راست شرکت اور فوجی دستے بھیجوانے کے ساتھ شیطان اکبر آلہ کار کی پشت پناہی کیلئے خود آرہا ہے۔40ملکوں کی فوج، عرب لیگ اور اوآئی سی بھی ہمت کریں۔مسئلہ فلسطین پاکستان کے وجود سے منسلک معاملہ ہے ، تمام پاکستانی جماعتیں، تنظیمیں، انجمنیں اور افراد مظلوموں کی حمایت کےلئے ایک اقدام پر متفق ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبصرہ اور مختلف رہنماﺅں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ قائد ملت جعفریہ نے کہا سامراج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، نہتے شہریوں کے قتل عام، غزہ کی آبادیوں کو تہس نہس کرکے کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیا۔تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ اپنے آلہ کار (صیہونی شیطان)کے ظلم و جبر کے باوجود فلسطینیوں کے بلند حوصلوں کی وجہ سے ناکامی کے باعث اب سامراج اپنی فوجیں نہ صرف داخل کررہاہے بلکہ شیاطین چیلوں کے بعد اب شیطان اکبر خود آرہا ہے تو ایسی صورتحال میں 40ملکوں کی فوج ،عرب لیگ ، اور او آئی سی بھی ہمت کریں۔ پاکستان کو بھی 1940ءکی قرارداد فلسطین کی طرح پھر متحد ہوکر ایک اقدام پر متفق ہونا چاہیے کیونکہ یہ مسئلہ صرف مظلوم فلسطینیوں کا نہیں خود پاکستان کے وجود سے منسلک معاملہ ہے جو ریاست پاکستان کا بالکل واضح اور دوٹوک موقف ہے ،اب پاکستان کے پاس آخری موقع ہے کہ جب سامراج اندر سے ٹوٹ چکا ہے تو مناسب اقدام لازم ہے۔اگر سامراج اپنے آلہ کار کی پشت پناہی کےلئے نہتے مظلوموں پر مزید ظلم کے پہاڑ توڑنے آسکتاہے تو 40 ملکوں کی افواج،عرب لیگ ، اور او آئی سی بھی ہمت کریں تمام پاکستانی جماعتیں، تنظیمیں، انجمنیں اور افراد مظلوموں کی حمایت کےلئے ایک اقدام پر اتفاق کریں۔