• news

فلسطین کی حمایت پر جرمن کلب نے ڈچ فٹبالر انور الغازی کو معطل کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیدرلینڈز کے فٹبالر انور الغازی کو فلسطین کی حمایت میں پوسٹ کرنے پر ان کے جرمن کلب مینز 05نے معطل کر دیا،انور الغازی مراکش نژاد فٹبال کھلاڑی ہیں اور دو مرتبہ نیدر لینڈز کی نمائندگی کر چکے ہیں،ڈچ فٹبالر نے رواں سال ستمبر کے آخر میں جرمن کلب 05کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور اس سے قبل وہ پریمیئر لیگ میں آسٹن ولا اور ایورٹن کلب کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں،انور الغازی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران فلسطینیوں کی شہادتوں پر اظہار افسوس کیا تھا اور کہا تھا کہ فلسطین آزاد ہوگا ،جرمن کلب مینز 05نے فٹبالر کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کلب کی اقدار سے ہم آہنگ نہیں ہے،مینز 05اس حقیقت کا احترام کرتا ہے کہ مشرق وسطی میں کئی دہائیوں سے جاری پیچیدہ تنازعات پر مختلف نقطہ نظر موجود ہیں، تاہم، کلب سوشل میڈیا پوسٹ کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ یہ کلب کی اقدار کے مطابق نہیں ہے ۔فیفا ورلڈکپ میں تاریخ رقم کرنے والی مراکشی ٹیم کے کئی نامور کھلاڑیوں کو غزہ کے مظلوم فلسطینوں کی حمایت کرنے پر مغربی میڈیا نے ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناڈالا۔اٹلس لائنز کے کھلاڑی اور بائرن میونخ کے ڈیفنڈر نوسیر مزراوی نے اپنے انسٹاگرام سٹوری پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے نئی اسرائیلی جنگ کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کیلئے “فتح” کی خواہش کی۔مراکش کے قومی کھلاڑی نے ایک مختصر کلپ شیئر کیا جس میں لہراتے ہوئے فلسطینی پرچم کی تصویر کےساتھ دعا کی آواز کے ساتھ کہا گیا کہ “خدا فلسطین میں ہمارے مظلوم بھائیوں کی مدد کرے تاکہ وہ فتح حاصل کریں، خدا شہید ہونے والوں پر رحم کرے اور انکے زخمیوں کو شفا دے۔فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ سے باضابطہ طور پر وضاحت طلب کرلی ہے جبکہ جرمن میڈیا نے لکھا کہ دہشت گردی کی وکالت؟ ناقابل برداشت!” اگر مزراوی دوری اختیار نہیں کرتے تو لیگ میں نہیں کھیل سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن