پاکستان‘ جاپان کے درمیان کرنسی کے تبادلے‘ گرانٹ کے معاہدے پر دستخط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی امور ڈویژن میں "سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی تعمیر نو کے پروگرام" کے حوالے سے پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان کرنسی کے تبادلے اور گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ حکومت جاپان نے 794 ملین جاپانی ین (تقریباً 5.3 ملین امریکی ڈالر) کی مالیت کی امدادی گرانٹ کے ذریعے حکومت پاکستان کو دی ہے۔ جس کا مقصد سندھ میں 2022ءمیں آنے والے سیلاب اور مون سون کی شدید بارشوں سے تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔ صوبے کے چھ اضلاع میں کل نو مکمل طور پر تباہ شدہ سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ اس گرانٹ کے تحت، سکولوں کی تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر نو سے طلباءکے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور تعلیم تک لڑکیوں کی رسائی کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پراجیکٹ کے نوٹ پر ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری، اقتصادی امور ڈویژن اور پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو اپنی اپنی حکومتوں کی سے دستخط اور تبادلہ کیا۔ گرانٹ کے معاہدے پر جناب سعید اشرف صدیقی، جوائنٹ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور چیف نمائندہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جیکا، کینو شیتا یاسو ٹمسو نے دستخط کیے۔