شفاف انتخابات ذمہ داری، سرکاری ملازمین کی سیاسی طرفداری برداشت نہیں کی جائیگی: چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (وقائع نگار) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی سیاسی طرفداری برداشت نہیں کی جائے گی۔ کوئٹہ میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ممبرز ای سی پی سندھ، بلوچستان، پنجاب‘ خیبر پی کے‘ سیکرٹری الیکشن کمشن عمر حمید خان، صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللّٰہ، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ دوران اجلاس چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے غیرجانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہم سب کی اہم ذمے داری ہے۔ نگراں حکومت اور الیکشن کمشن ایک ٹیم کی طرح کام کریں۔ اس سے پرامن انتخابات کو منعقد کرنے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہو گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمشن ہر طرح سے عبوری صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس طرح کی کوئی شکایات ملی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔ قبل ازیں اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوںکا جائزہ لیا گیا۔ پولنگ کے عمل میں سیاسی وابستگی سے بالاتر عملے کی تعیناتی کو ہر لحاظ سے یقینی اور میرٹ پر بنانے کی ہدایت کی گئی۔