بلاک کی سیاست نہیں چاہتے، بی آر آئی کے ذریعے دروازے دنیا کیلئے کھول دیئے: چینی صدر
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ کرونا دور میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ زندگی بچانے کا سبب بنا۔ بی آر آئی مل کر منصوبہ بندی، تعمیر اورفائدہ اٹھانے کا ذریعہ ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے چین اپنے دروازے وسیع تر کھول رہا ہے۔ چین 140ممالک اور علاقوں کیلئے اہم تجارتی شراکت دار بن چکا ہے۔ صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی کو پھول دیتے ہیں تو خوشبو آپ کے ہاتھوں میں بھی رہتی ہے۔ باہمی تعاون نہ صرف ایک بلکہ دیگر ممالک کے عوام کو بھی فائدہ دے گا۔ چینی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاک کی سیاست ہمارا انتخاب نہیں۔ یکطرفہ پابندیوں کے خلاف ہیں۔ عالمی ماڈرنائزیشن امن اور خوشحالی کیلئے ہونی چاہیے۔ چینی صدر نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کو مزید بڑھانے اور مضبوط کرنے کے ساتھ بی آر آئی سے متعلق 8نکاتی ایجنڈے کا بھی اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ کی کامیابی پر چین کو مبارکباد پیش کی۔