پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوانوں ملک کو نالج اکانومی میں کردار ادا کریں:گورنر پنجاب
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب ،چانسلر پنجاب یونیورسٹی محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے اور نوجوان ملک کو نالج اکانومی کی جانب لے جانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں جن پر سرمایہ کاری سب سے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام وزیراعظم یوتھ پروگرام سکیم فیز تھری کے تحت ہونہار طلبا طالبات کیلئے الرازی ہال میں منعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مہارت یافتہ نوجوان ہی پاکستان اوربیرون ملک جا کرملک وقوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔میرٹ اور شفافیت سے ہی انسانیت اور پاکستان کا مستقبل جڑا ہے۔ دور جدید میں ڈیجیٹل تقسیم بڑھ رہی ہے، ٹیکنالوجی تک رسائی رکھنے والے آگے اور نہ رکھنے والے پیچھے ہیں۔مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ طلبا کی حوصلہ افزائی کیلئے لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم ہو رہے ہیں۔