سب ٹھیک کرنے والو خراب بھی آپ نے ہی کیا: حسن مرتضیٰ
لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ آج ہمیں مختلف آوازیں سننے کو مل رہی ہیں کہ کوئی آئے گا اور سب ٹھیک ہو جائے گا، میں آج ان سے پوچھتا ہوں سب کچھ ٹھیک کرنے والو سب کچھ خراب بھی تو آپ نے کیا ہے۔ پچھلے 16 ماہ میں انہوں نے غریبوں کو 1 فیصد ریلیف نہیں دیا، سب سے زیادہ غربت ان کے دور میں آئی۔ انہوں نے غریبوں کیلئے کچھ نہیں کیا، سب لوگ جانتے ہیں 16 ماہ کے دوران کیا ہوا تھا۔ وہ پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام ٹاﺅن شپ مین بازار میں سانحہ کار ساز کے جلسے سے خطاب کر رھے تھے۔ جلسے سے انچارج پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور، پی پی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، رانا جمیل منج، فائزہ ملک، سونیا خان، آصف ناگرہ، امجد جٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اسلم گڑا، صداقت شیروانی، عائشہ نواز چوہدری، احسن رضوی، ذیشان شامی، احسن شاہ، مصطفی جٹ، عائشہ غوری، بشری ملک، حسن گیلانی، رانا عاشر، عامر نصیر بٹ، چودھری ریاض، پروین شیخ سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔