• news

حج پالیسی تیار: 11 لاکھ فی کس وصول کئے جائیں گے

اسلام آباد (نامہ نگار) آئندہ حج پر 28 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن کے لئے وزارت خزانہ سے رابطہ کر لیا ہے۔ ڈالر کا بوجھ کم کرنے کے لئے آئندہ برس بھی سپانسرشپ سکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سپانسر شپ سکیم کے تحت 10ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ سکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی ہو گا۔ حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں وصول کی جائے گی۔ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ دار اس سکیم کے تحت حج کرسکیں گے۔ سپانسر شپ سکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ 2024ءکے حج کیلئے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210ہے۔ 50فیصد کوٹہ سرکاری اور 50فیصد نجی حج سکیم کیلئے مختص ہو گا۔ ذرائع کے مطابق اب پاکستانی 20سے 25دن کا حج بھی کرسکیں گے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت پہلی مرتبہ قلیل دورانیہ کا پیکج بھی متعارف کرا دیا گیا۔ ایک ہی خاندان ہونے کی صورت میں عازمین حج کو الگ رہائش دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ سے نئی حج پالیسی کی منظوری جلد حاصل کر لی جائے گی۔ حج پالیسی 2024 منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت فی کس 11لاکھ روپے وصول کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن